میری زندگی کسی سیدھی لکیر کی طرح نہیں، بلکہ ایک دریا کی مانند ہے کبھی پر سکون، کبھی پر شور، کبھی گہرائی میں ڈوبتی، کبھی نئی زمینیں کاٹتی ہوئی آگے بڑھتی۔

میرا نام مخدوم امجد ہاشمی ہے

اور میری جڑیں مخدوم رشید ملتان کی سرزمین سے جڑی ہیں، ایسی سرزمین جہاں کی مٹی خوشبو دیتی ہے وہ مٹی جہاں میں نے سانس لینا سیکھا،وہ فضائیں جہاں میری ہنسی گونجی، وہ راستے جن پر میرے بچپن کے قدموں کی چھاپ ہے۔ نائنتھ جماعت تک وہیں پڑھا، وہیں کھیلا، اور انہی کھیتوں، گلیوں، اور مانوس چہروں میں میں پروان چڑھا۔
 یہ صرف ایک گاؤں نہیں، میری پہلی پہچان ہے۔ میرا پہلا عشق ہے، بچپن کی گلیاں، کھیتوں کی مہک، مسجد کے صحن میں پہلی بار سجدہ کرنا، مدرسے کے استاد کی ڈانٹ، سردیوں میں سکول جانا کام نہ کرنے کے بہانے لگانا،دوستوں کے ساتھ کھیتیوں میں کھیلنا نہرمیں نہانا اپنی زمین پرجانا اپنے فارم سے دودھ لانا بھینسوں سے کھیلنا خرگوشوں کو پکڑنا گندم کی کٹائی کروانا، کپاس کی چنوائی کروانا،وہ مرغیاں پالنا، جون کی گرم دھوپ میں  سائیکل چلانا ۔ میرا گاؤں مخدوم رشید یہ سب میرے وجود کا حصہ ہیں۔

© All Rights Reserved.